دیوار پہ دستک

مولانا کی زندگی خطرے میں ہے

بارہ سالہ دو کزن موبائل فون پر آپس میں محوِ گفتگو تھے ۔ایک لاہور میں تھا دوسرا اسلام آباد میں ۔ لاہور والے نے کہا ۔’’ہماری تو سموک نے چھٹی کرادی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہہ دیا ہے سموک کی وجہ سےکل سکول بند ہو نگے‘‘۔اسلام آباد والا کزن بولا۔’’یہ دھرنا تو سموک سے بھی گیا گزرا ہے ،اسلام آباد میں چھٹی ہی نہیں کراسکا ۔بھلا وہ دھرنا کیا دھرنا ہے جس کی وجہ سے سکول ہی بند ہوں ۔‘‘

ویسے اس وقت دھرنے والوں پر لوگوں کو ترس بہت آرہا ہے ۔رات ایک خدارسیدہ بزرگ سے ہمکلامی کا شرف ملا۔کہتے تھے ’’بارش میں بھیگتے ، ٹھٹھر تے، بیچارے دھرنے والے۔ ان کے،بہن بھائیوں اور خیر خواہوں کو انہیں سمجھانا چاہئے۔ اپنا موقف انہوں نے واضح کر دیا۔اب گھروں کو لوٹ جائیں۔ اپنے بیوی بچوں اور عزیز رشتہ داروں کو ذہنی اذیت سے بچائیں، خود بھی بچیں۔کب تک، جانے کب تک ،اسلام آباد کی ٹھنڈ میں بیچارے پڑے رہیں گے۔ پچھلےدھرنوں کی طرح ۔ شعور و ادراک سے محروم ، شخصیت پرست اور جذباتی ۔ عہد قدیم کے ان مزارعین کی طرح جو اپنے جاگیرداروں کی جنگیں لڑا کرتے۔‘‘ میں نے کہا ۔’’‏اُن مزارعین سے بھی بدتر ،انہیں تواُس جنگ کے عوض کچھ نہ کچھ حاصل ہو جاتا تھا ان کی تو جو کچھ جیب میں تھا ،خرچ کرادیا گیاہے اِن سے کچھ رقم تو پہلے ہی ’’دھرنا فنڈنگ‘‘ کے نام پر لے لی گئی تھی ‘‘

انہوں نے بڑی افسردگی سے کہا۔’’بے رحم ہوا کی زد میں بیچارے ۔۔۔۔۔ اور ان کے رہنما؟۔ یخ بستہ ہواوں سے بھی زیادہ بے رحم بلکہ سفاک ۔ اپنے اقتدار یا جذبہ انتقام کے لیے، بھیڑ بکریوں سے بدتر سلوک بندگان خدا کے ساتھ ۔ اپنے بھائیوں اور محبت کرنے والوں کے ساتھ۔ پروردگار انہیں معاف نہ کرے۔‘‘میں نے کہا ۔’’لوگ کہہ رہے ہیں مولانا نے وہ حاصل کر لیا ہے ،جو کرنا تھا‘‘۔فوراً بولے ۔’’ توقف فرمائیے۔ تھوڑا انتظار کیجئے ۔وہ سب کچھ کھو دیں گے۔ تمام تعصبات سے پاک، یہ اقبال اور قائد اعظم کا ملک ہے۔ یہاں فرقہ پرست نہیں پنپ سکتے۔‘‘

میں نے کہا ۔’’ جانثاروں کی وردی پہن کرکچھ صحافی باقاعدہ ڈیوٹی دے رہے ہیں دھرنے میں ۔‘‘بولے۔’’دھرنےکی حمایت اور حوصلہ افزائی کرنے والے اخبار نویسوں کو وہی کچھ ملے گا جو دھرنے والوں کو۔ عمران خان اور طاہر القادری کو چکمہ دینے والوں نے اب کی بار انہیں چکمہ دیا۔ فرمایا: لالچی ہمیشہ جھوٹے کے ہاتھوں لٹتا ہے۔ بیچارے مولوی صاحب ۔‘‘

میں نے پوچھا ۔’’یہ ویکی لیکس والاالزام عجیب نہیں ۔ویکی لیکس تو ایک ویب سائیٹ کا نام ہے ‘‘۔پہلے تو ذرا سا ہنسے ۔پھر انتہائی سنجیدگی کے عالم میں بولے۔’’مفتی کفایت اللہ صاحب نہ ہوتے تو باطن یوں بے نقاب نہ ہوتا۔ایک چیز کو تم ناپسند کرتے ہو، حالانکہ اس میں خیر چھپا ہوتا ہے، ایک چیز سے محبت کرتے ہو، حالانکہ اس میں شر پوشیدہ ہوتا ہے۔۔۔ بے شک خالق ہی جانتا ہے، بندہ نہیں۔عمران کی مخالفت گناہ بھی نہیں۔ دلائل کی بھی کوئی کمی نہیں ۔جھوٹ گھڑنےکی کیا ضرورت۔ یہ ضرورت کیوں پڑی کہویکینام کا ایک آدمی ہے ، جوجمائما کا کزن ہے۔ چند سیکنڈ کی گفتگو سے مفتی کفایت اللہ شاید تاریخ میں ہمیشہ باقی رہنے والا کردار بن گئے۔ کردار کا اتنا تعلق علم سے نہیں، جتنا تربیت سے ہوتا ہے۔ سرکار صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا: مجھ سے جو محبت کرتا ہے، وہ جھوٹ نہ بولے اور خیانت نہ کرے۔‘‘۔پوچھا کہ’’یہ ویکی لیکس سے انہیں کیا تکلیف ہے ‘‘بولے ۔’’ ویکی لیکس نے بتا جو دیا تھاکہ مولوی صاحب امریکی سفیر کی خدمت میں حاضر ہوئے تھے کہ وزیر اعظم بننے میں ان کی سرپرستی کی جائے۔‘‘

میں نے کہا ۔’’عمران خان کے کہنے پرسی ڈ ی اے کا عملہ دھرنے میں پہنچا ہوا ہے ۔مدد کےلئے ۔سی ڈی اے کےڈاکٹرز بھی ۔لوگ بارش ،سردی اور طوفانی ہوائوں کی آزمائش میں ہیں ‘‘وہ بولے۔’’مشہور اخبار نویس آریانا فلانچی نے ذوالفقار علی بھٹو سے کہا تھا: کردار کا پتہ اس سلوک سے چلتا ہے جو دشمن سے روا رکھا جائے۔‘‘

میں نے پوچھا ۔’’مولانا کہتے ہیں کہ وہ لوگ تین سو سال سے تحریکیں چلاتے آرہے ہیں ۔‘‘کہنے لگے ۔’’مولوی صاحب ان تحریکوں کے نغمہ خواں ہیں جو ناکام رہیں۔ سید احمد اور سید اسماعیل کی تحریک، 1857 کی بغاوت میں شامل ، لکھنو میں قتل عام کرنے والےمولوی صاحبان ، ریشمی رومال تحریک،اور تحریک طالبان افغانستان۔ کامیاب تو صرف تحریک پاکستان رہی۔ ان کے اجداد جس کے مخالف تھے۔اسفند یار، حاصل بزنجو، محمود اچکزئی اور مولانا فضل الرحمن کے والد گرامی عبدالولی خان، غوث بخش بزنجو،عبدالصمد اچکزئی اور مفتی محمود تحریک پاکستان کے خلاف تھے۔ یہ چاروں بھائی کیا چاہتے ہیں؟ اس پر مستزاد تحریک طالبان، جس نے مولوی صاحب کو گھیر رکھا ہے۔مولوی صاحب کے غبارے میں ہوا بھرنے والوں نے غور ہی نہ فرمایا کہ وہ ایک خاص مکتب فکر کے نمائندےہیں ۔پورے اس کے بھی نہیں بلکہ تحریک پاکستان کی مخالفت کرنے والے حصے کے۔ غبارے میں اتنی ہی ہوا بھرنی چاہیے، جتنی کہ وہ سہار سکے۔‘‘میں نے کہا۔ ’’مولانا نے توفوج کے خلاف بھی گفتگو کی ‘‘۔بولے۔’’مولوی صاحب کی مہم اتنی عمران خاں کے خلاف نہیں، جتنی افواج پاکستان کے خلاف ہے۔ افواج پاکستان کا اصل دشمن کون ہے؟ بھارت، اسرائیل اور انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ۔‘‘۔پھرپوچھا ۔’’لوگ کہہ رہے ہیں مولانا کی زندگی کو ’’را‘‘سےخطرہ ہے ۔پہلے کہتے تھے بھارت نے مولانا کو فنڈنگ دی ہے ‘‘کہنے لگے۔’’مولانا کو بتائے بغیر بھارتی خفیہ ایجنسی ان کے مارچ کی مدد بھی کر سکتی ہے اور ان پر حملے کی پلاننگ بھی۔ خفیہ ایجنسیاں اسی طرح کام کرتی ہیں۔ اللہ محفوظ رکھے، پہلے بھی ان پر خود کش حملے ہو چکے۔ جس طرح بھی ممکن ہو، بھارت کا ہدف پاکستان میں انتشار ہے۔‘‘

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے