ادھوری نہیں پوری خبریں۔ منصور آفاق
دیوار پہ دستک

ادھوری نہیں پوری خبریں

ادھوری نہیں پوری خبریں

منصورآفاق

امریکہ نے ایف سولہ طیاروں کیلئے ستر کروڑ ڈالر پیشگی ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس نے پاکستان کی امدادبھی روک دی ہے(یقینا امریکہ کی نظر پاناما کی آف شور کمپنیوں میں پڑے ہوئے پاکستانیوں کے اربوں ڈالرز پر ہے۔)

نیب نے پاناما لیکس پر وزیر اعظم کے خلاف کارروائی روک دی ہے۔ ایف بی آر نے بھی ہاتھ اٹھا لئے ہیں۔ (اخبارات میں بے گناہی کے اشتہارات کا کوئی فائدہ تو ہونا تھا)

وزیر اعظم نواز شریف نے یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیاہے۔(سننے میں آیا ہے کہ دالیں سپلائی کرنے والے تاجر کا تعلق تحریک انصاف سے ہے )

چیف جسٹس آف پاکستان وطن واپس آگئے ہیںاور کسی وقت بھی جوڈیشل کمیشن کی حکومتی درخواست پر کوئی فیصلہ کر سکتے ہیں مگر سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن بنانے کے اعلان کو چیلنج کرا دیا ہے۔(ایک تیر سے دو شکار )

سندھ اسمبلی میںاسلحہ لے جانے کے جرم میںایک اینکر کو گرفتار کرلیا گیاتھاجس پروفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار فوری طور پر الیکٹرانک میڈیا پر آئے تھے اور اس کی گرفتاری کی بھرپورمذمت کی تھی مگر اسے رہا نہیں کرا سکے تھے( ہپ ہپ ہرے ۔)

اعتزاز احسن نے وزیر اعظم سے کہا ہے کہ’’ کروڑوں ڈالر بوریوں میں بند ہو کر باہر نہیں جا سکتے ۔‘‘ان کی سادگی پر بھی حیرت ہوتی ہے ۔یہ بوریوں کا زمانہ ہے ۔کسی بھی بینک میں جائیں۔اپنا غیر ملکی کرنسی اکائونٹ کھولیں اس میں دوچار کروڑ ڈالر جمع کرادیںاورپھر پاناما جا کر اس بینک سے نکلوالیں ۔(منی لانڈرنگ کی سائنس)

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی طاقت ہونا پوری دنیا کیلئے مسئلہ ہے۔(یہ دنیا یقینا ایٹمی ممالک پر مشتمل ہے )

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے فرمایا ہے کہ احتساب سب کا ہو گا ۔کسی کو بھی اُس فہرست سے نکلیں نہیں دیں گے ۔(اگرہمارا ہوا تو)

عمران فاروق کیس کے ملزم خالد شمیم کی ویڈیو کیسے بنائی گئی ہے۔وزیر داخلہ نے اس کی تحقیق کیلئے اسپیشل سیکرٹری داخلہ شعیب صدیقی کی سربراہی میں ایک ایسی ٹیم بنائی جس نے 48گھنٹوں میں اپنا کام مکمل کرلیا ہے اوراب اس سلسلے میں ایک جی ٹی آئی بنائی جارہی ہے۔اگر صرف ایک موبائل فون سے ویڈیوبنانے پر اتنا کچھ ہوسکتا ہے تو میری دکان سے پیازوں کی بوری چوری ہونے پر جی ٹی آئی کیوں تشکیل نہیں دی سکتی ۔(سبزی منڈی کے ایک دکاندار کا احتجاج)

کچھ دن پہلے نون لیگ برطانیہ نے عمران خان کے خلاف احتجاج کیلئے ان کی سابقہ خوش دامن کے گھر کاانتخاب تھا۔تحریک انصاف کو بھی چاہئے وہ جاتی امرا کی بجائے کسی اِسی طرح کی جگہ کا انتخاب کریں ۔( فیس بک پر کسی نون لیگی کا مشورہ )

پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری نے کہا ہے کہ مال روڈ پرجلسے میں کچھ بھی ہوا توواقعہ کی ذمہ دار تحریک انصاف ہوگی۔(گیارہ خودکش پنجاب میں داخل ہوگئے)

کل بھوشن سے وزیر اعظم نواز شریف کی ملاقات کرائی جائے (ایک بھارتی ٹی وی اینکر کا مطالبہ )

ریلوے کے خسارے میں 23فیصد اضافہ ہوا سعد رفیق کے اثاثے32فیصد بڑھ گئے ۔(ایک مشکوک خبر((ریلوے ذرائع کے مطابق البتہ خسارہ کم ہوا ہے)

اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم بتائیںکہ وہ جلسے کس کے خلاف کر رہے ہیں ۔’’حیرت ہے انہیں ابھی تک معلوم نہیں ہوسکاکہ وہ پاناما لیکس کے خلاف جلسے کرا رہے ہیں۔( ایک نون لیگی کا ٹویٹ )

اسٹیٹ بنک نے کہا ہے کہ 280ارب کے قرضے معاف کئے گئے ہیںجن میں سے 208ارب کے قرضے خود مالیاتی اداروں نے معاف کئے۔اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک بینکار نے بتایا کہ کسی بینک نے بھی آج تک کوئی ایسا قرضہ معاف نہیں کیاجو پانچ لاکھ سے کم ہو۔(امیروں کے رشتہ دار بینک)

وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی آواز میںحبیب جالب کے کلام پر مشتمل آڈیوسی ڈی کے کورپر لکھا ہوا جملہ( ہماری طاقت عوامی حمایت میں ہے ناچ گا نے میں نہیں۔مریم نواز )

باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ عوام پر حکومتی خزانے کے دروازے کھول دئیے گئے ہیں ( یقیناً الیکشن ہونے والے ہیں )

عزیربلوچ کی جے آئی ٹی پر دو پولیس افسران دستخط کرنے سے انکاری ہیں (زندگی کسے پیاری نہیں ہوتی)

شمالی کوریا کے ایٹمی پروگرام سے دنیا کو کوئی خطرہ نہیں ( مستقبل قریب میں جاری ہونے والی امریکی پریس ریلیز)

سلیم صافی ناراض ہیں کہ عطاالحق قاسمی نے ان کے کالم سے اپنی مرضی کا پیراگراف کیوں اپنے کالم میں کوڈ کیا۔ (بوفے لگا ہوا ہوتوآدمی اپنی پسند کا کھانا اٹھاتا ہے)

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ سارے محلے کو پتہ ہوتا ہے کہ قتل کس نے کیا مگر گواہی کوئی نہیں دیتا۔ (غیرمحفوظ ہونے کا قومی المیہ)

خبر آئی ہے کہ چنیوٹ میں تانبے کے 915ارب ڈالر کے ذخائرمیں ایک بہت بڑا فراڈ ہواہے۔ (سونے کے ذخائر تانبے میں کیسے بدل گئے)

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے